برطانیہ میں موسمِ سرما اور بارشوں کے روایتی موسم کے برعکس ایک بار پھر موسمِ گرما کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بین الاقوامی موسمیاتی رپورٹس کے مطابق، آئندہ ہفتے برطانیہ کو گرمی کی ایک اور نئی لہر (ہیٹ ویو) کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کے دوران ملک کے کئی حصوں میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ جزائرِ ازورس سے پرتگال اور اسپین کی جانب بننے والا ہوا کا شدید ہائی پریشر سسٹم اختتامِ ہفتہ تک فرانس اور جنوبی برطانیہ کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا، جس کے باعث موسم اچانک گرم ہو جائے گا۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق، اس سے قبل کا مہینہ (جون) انگلینڈ کی تاریخ کا گرم ترین مہینہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ پورے برطانیہ کی سطح پر اسے تاریخ کا دوسرا گرم ترین مہینہ قرار دیا گیا تھا۔ اب جولائی میں بھی گرمی کا یہ سلسلہ برقرار رہنے کی توقع ہے۔
برطانیہ میں قانون کے مطابق ‘ہیٹ ویو’ کا باقاعدہ اعلان اس وقت کیا جاتا ہے جب کسی بھی خطے میں مسلسل تین دن تک درجہ حرارت وہاں کی مقررہ مخصوص حد سے اوپر رہے۔
-
لندن کے لیے یہ حد 28 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
-
شمالی انگلینڈ کے لیے یہ حد 25 ڈگری سینٹی گریڈ مقرر ہے۔
