کراچی میں سری لنکن ثقافت کے خوبصورت رنگ: آرٹس کونسل میں ‘کانیا’ شو نے پاک سری لنکا دوستی کی نئی تاریخ رقم کر دی
کراچی: روشنیوں کے شہر کراچی میں سری لنکا اور پاکستان کی لازوال دوستی کا جشن روایتی رقص اور موسیقی کے روپ میں منایا گیا۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں سری لنکن قونصل خانے کے باہمی تعاون سے ایک خصوصی اور رنگا رنگ تقریب ‘کانیا’ کا انعقاد کیا گیا، جس نے دونوں ممالک کے ثقافتی رشتوں کو ایک نئے جذبے سے روشناس کرا دیا۔
اس پُروقار تقریب میں سری لنکا کے قونصل جنرل سنجیوا پٹیویلا اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں، قونصل جنرلز، نامور کاروباری شخصیات اور فنونِ لطیفہ کے دلدادہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز دونوں دوست ممالک کے قومی ترانوں سے ہوا۔ جس کے بعد سری لنکا کی قدیم روایت کے مطابق معزز مہمانوں نے مشترکہ طور پر تیل کا چراغ روشن کیا۔ یہ خوبصورت رسم دونوں ملکوں کے درمیان امن، اخوت، اتحاد اور گہری دوستی کی علامت کے طور پر ادا کی گئی۔عالمی شہرت یافتہ سری لنکن کوریوگرافر اور ڈانس ڈائریکٹر چندانا وکرما سنگھے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے ذوقِ جمال کی دل کھول کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا:پاکستانی ناظرین نے ہمیشہ ہمارے رقص اور ثقافت کو دل سے سراہا ہے۔ یہ میرا پاکستان کا پانچواں دورہ ہے اور میں تیسری بار آرٹس کونسل کراچی کے اسٹیج پر پرفارم کر رہا ہوں۔ یہاں ملنے والی محبت لاجواب ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے برانڈ کا نام ‘کانیا’ ہے، جس کا مطلب ‘کنواری’ ہے۔ اس شو کے ذریعے انہوں نے روایتی سری لنکن رقص، فیوژن اور تال پر مبنی موسیقی کا ایک لاجواب امتزاج پیش کیا۔ کراچی میں اپنی سحر انگیز پرفارمنس کے بعد یہ گروپ ایک ماہ کے طویل دورے پر پیرس روانہ ہوگا۔

سری لنکا کے قونصل جنرل سنجیوا پٹیویلا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی میزبانی اور محبت دیکھ کر انہیں دلی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے ثقافتی پروگرامز دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے شاندار انتظامات پر آرٹس کونسل کراچی کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

