لاہور: معروف روحانی پیشوا حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار (داتا دربار) کے کیش باکسز سے کروڑوں روپے چوری ہونے کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد محکمہ اوقاف میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
وزارتِ اوقاف نے ابتدائی تحقیقات کے بعد مبینہ غفلت اور بدعنوانی پر دربار کے دو منیجرز کو عہدے سے تنزل کر دیا ہے، جبکہ ملزمان سے سوا کروڑ روپے کی فوری ریکوری کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
اس سنگین مالیاتی اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد پنجاب بھر کے مزارات پر چوری کے تدارک کے لیے نذرانہ بکسوں کو جدید اور ڈیجیٹلائز کرنے کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ مستقبل میں عوامی عطیات اور نذرانوں میں کسی بھی قسم کی خرد برد کا راستہ روکا جا سکے۔
پنجاب کے وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین نے اس حوالے سے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزارات پر آنے والے زائرین کے نذرانے اور عطیات ایک مقدس امانت ہوتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ ماضی میں ان کیش باکسز سے چوریاں ہوتی رہی ہیں۔ اب محکمہ اوقاف کو ہر قسم کی کرپشن اور کالی بھیڑوں سے پاک کیا جائے گا اور زائرین کی امانت میں خیانت کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔”
