برطانیہ میں اردو صحافت کا اعتراف؛ 10 سینئر صحافیوں کو ‘ ایوارڈ’ سے نواز دیا گیا

Spread the love

مانچسٹر / راچڈیل (نمائندہ خصوصی) برطانیہ میں اردو صحافت کے بانی محمود ہاشمی مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے “پریس کلب آف پاکستان یو کے” کے زیر اہتمام راچڈیل میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران شعبہ صحافت میں گراں قدر خدمات سرانجام دینے والے 10 نامور اور تجربہ کار صحافیوں کو تیسرے ‘محمود ہاشمی میموریل ایوارڈ’ سے نوازا گیا۔

اس باوقار تقریب کی صدارت پریس کلب آف پاکستان یوکے کے صدر محمود خان نے کی، جبکہ میئر راچڈیل کونسلر فیصل رانا اور مانچسٹر میں پاکستان کی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محترمہ مصباح نورین بطور مہمانانِ خصوصی شریک ہوئیں۔

برطانیہ کی اردو صحافت میں 20 سال سے زائد کا طویل تجربہ رکھنے والے جن 10 صحافیوں کو اس سال ایوارڈز دیے گئے، ان میں شامل ہیں:

  • ارشد رچیال، جاوید عنایت، اعجاز فضل

  • شفقت مرزا، شفقت نذیر رانا، سرفراز تبسم

  • شاہ بانو، ابرار حسین، اور طلعت فاروق اعوان۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر راچڈیل کونسلر فیصل رانا کا کہنا تھا کہ راچڈیل کونسل ہمیشہ سے علم و ادب، فن اور صحافت سے وابستہ منصوبوں کی پشت پناہی کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوارڈ کا آغاز راچڈیل سے ہونا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے، کیونکہ اس سے مقامی سطح پر مختلف کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پریس کلب آف پاکستان یوکے کے ساتھ کونسل کا تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔

پاکستان کی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مصباح نورین نے پریس کلب کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں اردو صحافت کا تسلسل برقرار رکھنا ایک شاندار کارنامہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دیارِ غیر میں پیدا ہونے والی نئی نسل کا رجحان انگریزی صحافت کی طرف زیادہ ہے، اس لیے ہمیں اپنی مادری اور قومی زبان ‘اردو’ کے فروغ کے لیے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے کیونکہ اردو کئی تہذیبوں اور زبانوں کا خوبصورت گلدستہ ہے۔ انہوں نے قونصلیٹ جنرل کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا عزم بھی دہرایا۔

پریس کلب آف پاکستان یوکے کے صدر محمود خان نے اپنے صدارتی خطاب میں راچڈیل کونسل اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی جدید خطوط پر پیشہ ورانہ تربیت کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کا یہ سفر کامیابی سے چوتھے سال میں داخل ہو چکا ہے اور کمیونٹی کے تعاون سے یہ مشن جاری رہے گا۔

تقریب کے دوران نصر اللہ خان مغل، ممتاز دانشور یعقوب نظامی، ایوارڈ کمیٹی کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمن اور محبوب الٰہی بٹ نے بھی خطاب کیا اور محمود ہاشمی مرحوم کی تعلیمی و صحافتی خدمات پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں نیوکاسل برانچ کے صدر ڈاکٹر پرویز بھٹی، راجہ خالد خان، ایوب مرزا، لیسٹر برانچ کے صدر جاوید عنایت، سرفراز تبسم اور لندن برانچ سے ممتاز دانشور طلعت گل سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ایوارڈ برطانیہ کے پہلے اردو صحافی محمود ہاشمی مرحوم کی یاد میں راچڈیل کونسل کے اشتراک سے چار سال قبل شروع کیا گیا تھا۔ اس ایوارڈ کے لیے سخت معیار مقرر ہے، جس کے تحت صرف ان صحافیوں کو نامزد کیا جاتا ہے جن کا صحافتی سفر کم از کم 20 سال پر محیط ہو۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top