برطانیہ: افتتاحی سال ہی میں ‘اسٹیٹ آف دی آرٹ’ اسکول کی عمارت گرانے کا فیصلہ، ناقص مٹیریل اور سنگین نقائص کا انکشاف

مانچسٹر: جدید ترین سہولیات سے لیس اور کروڑوں پاؤنڈز کی لاگت سے تیار ہونے والی ‘میٹ فورڈ بروک اکیڈمی’ کی مرکزی عمارت کو ناقص طرزِ تعمیر کے باعث جزوی طور پر گرا کر دوبارہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر اس نام نہاد ماڈرن اسکول کی عمارت میں آج تک ایک بھی طالب علم قدم نہیں رکھ سکا۔
ایکسیٹر کے قریبی علاقے میں واقع اس آل تھرو اکیڈمی کو سال 2023 میں باقاعدہ فعال تو کیا گیا تھا، لیکن پہلی ہی انسپیکشن میں اس کے سٹرکچر (ساخت) میں اتنے سنگین مسائل پائے گئے کہ طلباء کی حفاظت کے پیشِ نظر انہیں مرکزی بلاک میں جانے کی اجازت ہی نہیں دی گئی۔
برطانوی محکمہ تعلیم نے باقاعدہ تصدیق کی ہے کہ تفصیلی تکنیکی جائزے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمارت موجودہ حالت میں کسی بھی طور پر حفاظتی اور تعمیراتی معیار پر پوری نہیں اترتی۔ حکام کے مطابق عمارت کی موجودہ خامیوں کو مرمت کے ذریعے ٹھیک کرنا اب ممکن نہیں رہا۔
-
نقصان سے بچنے کے لیے اب متاثرہ حصوں کو مسمار کر کے نئے سرے سے تعمیر کیا جائے گا۔
-
اس سارے عمل پر دوبارہ بھاری سرکاری فنڈز خرچ ہوں گے۔