ساعت سازی (گھڑی سازی) کی تاریخ میں ایک نیا عالمگیر ریکارڈ قائم ہو گیا ہے۔

سوئٹزرلینڈ کے مشہور زمانہ برانڈ ’واشیرون کانسٹینٹن‘ نے دنیا کی سب سے پیچیدہ اور انوکھی پاکٹ واچ شاہکار کے طور پر پیش کر دی ہے، جسے ’برکلے گرینڈ کامپلیکیشن‘ کا نام دیا گیا ہے۔
گھڑی سازی کی اصطلاح میں وقت بتانے کے علاوہ دیگر تمام اضافی سہولیات (مثلاً الارم، کیلنڈر یا اسٹاپ واچ) کو ’کامپلیکیشن‘ کہا جاتا ہے۔ اس نئی جیبی گھڑی میں مجموعی طور پر 63 مختلف اور حیران کن خصوصیات شامل کی گئی ہیں، جس نے سابقہ تمام عالمی ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس غیر معمولی شاہکار کی کہانی سال 2015 میں اس وقت شروع ہوئی جب ایک نامعلوم ارب پتی خریدار نے کمپنی سے ایک ایسی منفرد گھڑی تیار کرنے کی خواہش ظاہر کی جس میں قدیم عبرانی کیلنڈر اور یک وقت متعدد واقعات کا سیکنڈز میں حساب رکھنے والی خاص اسٹاپ واچ شامل ہو۔
اس پیچیدہ چیلنج کو پورا کرنے کے لیے دنیا کے بہترین ماہرین پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی، جنہوں نے دن رات کی انتھک محنت کے بعد 8 طویل سالوں میں اس کا ڈیزائن اور ميکنزم مکمل کیا۔
ماہرینِ ریاضی و میکانکس کے مطابق اتنی زیادہ خصوصیات والی گھڑی کا کاغذی اور نظریاتی ڈھانچہ تیار کرنا تو ممکن تھا، مگر عام حالات میں اس کا سائز کسی فٹ بال جتنا بڑا ہو جاتا۔
واشیرون کانسٹینٹن کے کاریگروں کا اصل کمال ہی یہ ہے کہ انہوں نے2,870ننھے مکارنی پرزوں کو نہایت باریکی سے جوڑا۔ اس تمام جدید و قدیم مکینیکل نظام کو صرف 2 انچ کے قطر میں بند کیا۔
-
اس کا کیس 18 کیرٹ سفید سونے سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ گھڑی کا کل وزن محض 960 گرام ہے۔
-
گھڑی کے دونوں اطراف (آگے اور پیچھے) تمام 63 خصوصیات کے ڈائلز کو نہایت نفاست کے ساتھ نمایا گیا ہے
-
اس سے قبل دنیا کی سب سے پیچیدہ گھڑی کا اعزاز نامور برانڈ ’پٹیک فلپ‘ کے پاس تھا، جس میں 33 اضافی خصوصیات موجود تھیں۔ نئی سوئس گھڑی نے خصوصیات کی تعداد کو تقریباً دگنا کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔اگرچہ کمپنی نے اپنے گمنام خریدار کی پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس گھڑی کی حتمی قیمت کو مکمل راز رکھا ہے، تاہم عالمی ماہرین اور فلکیاتی تجزیہ کاروں کے اندازے کے مطابق اس کی قیمت 10 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 2 ارب 80 کروڑ پاکستانی روپے) سے زائد ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس نایاب اور تاریخی شاہکار کی قدر میں مزید اضافہ ہوگا۔