خوفناک ہوائی حادثہ: دورانِ پرواز طیارے کی کھڑکی ہوا میں اڑ گئی

Spread the love

خوفناک ہوائی حادثہ: دورانِ پرواز طیارے کی کھڑکی ہوا میں اڑ گئی

ایتھنز / برلن: یونان سے جرمنی جانے والی یورپی فضائی کمپنی ‘رائن ایئر’ (Ryanair) کی پرواز میں اس وقت ہولناک صورتحال پیدا ہو گئی جب فضا میں طیارے کی ایک کھڑکی اچانک ٹوٹ کر الگ ہو گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں سیٹ پر بیٹھا ایک مسافر کھڑکی سے تقریباً باہر نکل گیا، جسے ساتھی مسافروں نے فوری مستعدی دکھاتے ہوئے واپس اندر کھینچ کر اس کی جان بچائی۔

یونانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب پرواز کے دوران طیارے کے ایک انجن کا پرزہ الگ ہو کر سیدھا مسافر کھڑکی سے جا ٹکرایا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کھڑکی کا شیشہ اور فریم ہوا کے دباؤ کے باعث اپنی جگہ سے اکھڑ کر فضا میں غائب ہو گیا۔

  •  کھڑکی سے باہر نکلنے والا مسافر سربیا کا ایک سیاح ہے، جو یونان کے شہر تھیسالونیکی سے جرمنی کے شہر میمنگن جا رہا تھا۔

  •  خوش قسمتی سے متاثرہ مسافر نے سیٹ بیلٹ باندھ رکھی تھی، جس کی وجہ سے اس کا نچلا دھڑ سیٹ سے جڑا رہا جبکہ سر اور کندھے طیارے سے باہر نکل گئے تھے۔

  •  مسافر کو رگڑیں آنے کے باعث معمولی چوٹیں آئی ہیں، جن کی وجہ سے اسے احتیاطاً ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

طیارے میں موجود ایک خاتون مسافر نے آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے کہاہم میں سے اکثر مسافر سو رہے تھے کہ اچانک ایک زور دار دھماکے جیسی آواز آئی، جیسے کوئی بڑا ٹائر پھٹا ہو۔ لمحوں میں طیارے کا داخلی دباؤ (Decompression) ختم ہو گیا اور ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔ آکسیجن ماسک اوپر سے نیچے گر گئے اور کیبن میں ایک عجیب سی بو پھیل گئی۔ ایک مسافر کا آدھا جسم باہر لٹک رہا تھا، جسے اس کے پاس بیٹھے لوگوں نے فوری طور پر اندر کھینچا۔

رائن ایئر نے اپنے آفیشل بیان میں واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد جیسے ہی کھڑکی الگ ہونے کا حادثہ پیش آیا، پائلٹ نے فوری طور پر طیارے کا رخ واپس تھیسالونیکی ایئرپورٹ کی طرف موڑ لیا۔

طیارے نے متبادل رن وے پر انتہائی باحفاظت اور معمول کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کی، جس کے بعد تمام مسافروں کو محفوظ طریقے سے لاؤنج منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں، ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے تمام مسافروں کو ان کی منزلِ مقصود (جرمنی) پہنچانے کے لیے ایک دوسرے متبادل طیارے کا بندوبست کیا گیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top