ریاض/اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن کے لیے مدینہ منورہ سینٹر سے بند سروسز دوبارہ شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ حج سیزن کے باعث سعودی حکومت کی ہدایات کے تحت معطل کی جانے والی خدمات کو اب دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔
نادرا کے اعلامیے کے مطابق، مدینہ منورہ اور اس کے قریبی علاقوں میں رہنے والے پاکستانی شہری 12 جولائی 2026 سے اپنے شناختی دستاویزات سے متعلق تمام امور کے لیے نادرا آفس سے رجوع کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ جدہ میں قائم پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی سفارشات پر، حج سیزن 2026 کے پیشِ نظر 12 اپریل 2026 سے مدینہ منورہ کے نادرا دفتر میں کام عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ اس موقع پر نادرا نے یقین دہانی کرائی تھی کہ حج سیزن کا اختتام ہوتے ہی سروسز کو فوری بحال کر دیا جائے گا۔
حج سیزن کے دوران پاکستانی شہریوں کو پریشانی سے بچانے کے لیے نادرا نے درج ذیل اقدامات کیے تھے
-
جدہ میں موجود نادرا رجسٹریشن سینٹر پر اضافی عملہ تعینات کیا گیا تھا تاکہ وہاں آنے والے شہریوں پر کام کا دباؤ کم کیا جا سکے اور انہیں بروقت خدمات مل سکیں۔
-
اس عبوری عرصے کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کو موبائل فون کے ذریعے ‘پاک آئی ڈی ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاکہ وہ آن لائن خدمات حاصل کر سکیں۔نادرا حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی اضافی معلومات یا الجھن کی صورت میں اوورسیز پاکستانی جدہ میں قائم پاکستانی قونصلیٹ جنرل سے براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
