خوفناک ہوائی حادثہ: دورانِ پرواز طیارے کی کھڑکی ہوا میں اڑ گئی

ایتھنز / برلن: یونان سے جرمنی جانے والی یورپی فضائی کمپنی ‘رائن ایئر’ (Ryanair) کی پرواز میں اس وقت ہولناک صورتحال پیدا ہو گئی جب فضا میں طیارے کی ایک کھڑکی اچانک ٹوٹ کر الگ ہو گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں سیٹ پر بیٹھا ایک مسافر کھڑکی سے تقریباً باہر نکل گیا، جسے ساتھی مسافروں نے فوری مستعدی دکھاتے ہوئے واپس اندر کھینچ کر اس کی جان بچائی۔
یونانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب پرواز کے دوران طیارے کے ایک انجن کا پرزہ الگ ہو کر سیدھا مسافر کھڑکی سے جا ٹکرایا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کھڑکی کا شیشہ اور فریم ہوا کے دباؤ کے باعث اپنی جگہ سے اکھڑ کر فضا میں غائب ہو گیا۔
-
کھڑکی سے باہر نکلنے والا مسافر سربیا کا ایک سیاح ہے، جو یونان کے شہر تھیسالونیکی سے جرمنی کے شہر میمنگن جا رہا تھا۔
-
خوش قسمتی سے متاثرہ مسافر نے سیٹ بیلٹ باندھ رکھی تھی، جس کی وجہ سے اس کا نچلا دھڑ سیٹ سے جڑا رہا جبکہ سر اور کندھے طیارے سے باہر نکل گئے تھے۔
-
مسافر کو رگڑیں آنے کے باعث معمولی چوٹیں آئی ہیں، جن کی وجہ سے اسے احتیاطاً ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔