ایرانی ہٹ لسٹ پر میرا نام سب سے اوپر ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سنسنی خیز دعویٰ
انقرہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نیا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کی جانب سے تیار کردہ ٹارگٹ کلنگ (ہدف بنا کر قتل کرنے) کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔
ترکیہ میں منعقدہ نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے روایتی جملہ بازی کا سہارا لیا اور کہا
“گزشتہ روز ایک اور فہرست سامنے آئی ہے جس میں میرا نام سرِفہرست ہے۔ اگرچہ میں ٹک ٹاک جیسی سوشل میڈیا ایپس پر پہلے نمبر پر آنا زیادہ پسند کرتا ہوں، لیکن اس وقت ٹارگٹ کلنگ کی ہٹ لسٹ میں بھی میرا ہی نام سب سے اوپر ہے۔”
امریکی صدر نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر سفری منصوبوں میں تبدیلی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ قطر کی طرف سے تحفے میں دیے گئے جدید بوئنگ طیارے کے بجائے ماضی میں ‘ایئر فورس ون’ کے طور پر استعمال ہونے والے پرانے طیارے میں امریکا واپس جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس فیصلے کے پیچھے سخت سیکیورٹی خدشات کارفرما ہیں۔
حالیہ فوجی کشیدگی اور حملوں کے تبادلے کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ باقاعدہ جنگ یا کسی بڑے تنازع کے خدشات کو مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتِ حال بہت جلد قابو میں آ جائے گی۔ ٹرمپ کے مطابق ایران نے چند بحری جہازوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے جواب میں ہم نے انہیں کہیں زیادہ سخت اور دندان شکن جواب دیا ہے۔ اب جو بھی صورتِ حال بنے گی، وہ جلد ختم ہو جائے گی، جس سے عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی اور مجموعی سیکیورٹی صورتِ حال مزید محفوظ ہو جائے گی۔”
واضح رہے کہ امریکی صدر نے ایران پر جون میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سنگین الزام بھی عائد کیا ہے۔ خلیجی خطے اور آبنائے ہرمز میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ فوجی حملوں کے تبادلے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی کی صورتِ حال ایک بار پھر انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔
یہ بھی دیکھیں
امریکی دھمکیوں پر ایران کا سخت ردِعمل: ‘بدزبانی کا جواب عملی اقدام سے دیں گے’، عباس عراقچی