آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حکمران تحریک انصاف کو شکست ہوگئی، اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں نے برتری حاصل کرلی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 866 میں سے 813 نشستوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کو 287 جبکہ پی ٹی آئی اور مسلم کانفرنس کو 274 نشستیں ملیں، اسی طرح 234 نشستیں آزاد امیدوار لے اُڑے۔
ضلع کونسل حویلی کی 12 میں سے صرف ایک نشست پی ٹی آئی کو ملی، سات نشستوں پر ن لیگ اور چار پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی، حویلی کے وارڈز میں پیپلزپارٹی سب سے آگے ہے
ضلع کونسل پونچھ میں بھی اپوزیشن جماعتیں کامیاب ہوئی ہیں، پی ٹی آئی 29 میں سے صرف چھ نشستیں جیت سکی ہے۔
ضلع کونسل باغ میں پی ٹی آئی اور اس کی اتحادی جماعت مسلم کانفرنس کو برتری حاصل ہے، میونسپل کارپوریشن اور ٹاؤن کمیٹی باغ میں بھی پی ٹی آئی کامیاب ہوئی۔
ضلع سدھنوتی میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا جبکہ راولا کوٹ میونسپل کمیٹی میں اپوزیشن جماعتیں اتحاد اپنا میئر لائیں گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے معاون خصوصی راجہ شجاعت اور ترجمان وزیراعظم توصیف عباسی دھیرکوٹ میں اپنی اپنی یونین کونسلوں میں شکست کھاگئے۔