شوکاز نوٹس ملنے کے بعد منحرف رکن غفار وٹو کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شوکاز نوٹس ملنے کے بعد منحرف رکن قومی اسمبلی غفار وٹو کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔

2018 کے الیکشن میں آزاد حیثیت سے جیت کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے غفار وٹو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں 2018 میں حلقہ این اے 166 بہاولنگر سے آزاد حیثیت میں جیتا تھا۔

غفار وٹو نے کہا کہ میں نے الیکشن جیتنے کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی، ان ساڑھے 3 سالوں میں اپنے حلقے میں ایک کام بھی نہیں کرواسکا۔

اُنہوں نے کہا کہ میرا مطالبہ تھا کہ میرے حلقے کو سی پیک اور موٹروے کے ساتھ لنک کیا جائے، جب ہمارا کام نہیں ہوتا اور ہم ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں تو الزامات لگادیے جاتے ہیں۔

غفار وٹو نے یہ بھی کہا کہ مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں نے کروڑوں روپے لیے ہیں، میں لعنت بھیجتا ہوں پیسے لینے والے پر، رشوت لینے اور دینےوالا جہنمی ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں سندھ ہاؤس کبھی گیا ہی نہیں، مجھ پر الزام لگایا گیا کہ میں سندھ ہاؤس میں تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے 14 منحرف اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے جن میں نور عالم خان، افضل ڈھاندلا، نواب شیر ، راجہ ریاض سمیت احمد حسین ڈیہر، رانا قاسم نون، غفار وٹو، باسط بخاری شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *