بلوچستان میں شدید زلزلہ، 15 افراد جاں بحق
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث ہرنائی اورشاہرگ میں بعض مکانات گرگئے، ملبے تلے دبنے سے متعدد افراد جاں بحق ہوئے۔
زلزلے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں، حکام کے مطابق ہرنائی میں سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
حکام کے مطابق کوئٹہ، سبی، چمن، زیارت، قلعہ عبدﷲ، ژوب، لورالائی، پشین، مسلم باغ اور دکی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی جبکہ اسکا مرکز ہرنائی کے قریب تھا۔
حکام کے مطابق ہرنائی میں زلزلے کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے، انتظامیہ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔