خوشی ہے کہ اب 10 نمبر شرٹ شاہین پہنیں گے، شاہد آفریدی

خوشی ہے کہ اب 10 نمبر شرٹ شاہین پہنیں گے، شاہد آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ اُن کے  نام و نمبر کی جرسی شاہین شاہ پہنیں گے جس پر انہیں فخر ہے

شاہین شاہ آفریدی کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’میں نے اس قمیص کو بڑے اعزاز اور فخر کے ساتھ پہنا تھا،  مجھے خوشی ہے کہ اب نمبر 10 جرسی شاہین پہنیں گے انہوں نے لکھا کہ خوشی ہے یہ شرٹ اب شاہین آفریدی زیب تن کریں گے جو حقیقتاً  اس کے حقدار ہیں

سابق کپتان نے لکھا کہ شاہین میں آپ کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہوں ، بلند پرواز رکھتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں۔

اس سے قبل شاہین آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اعلان کیا تھا کہ  اب شاہد آفریدی کی شرٹ کے نمبر والی شرٹ ہی ان کی بھی ہوگی۔

شاہین شاہ کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایک شرٹ نمبر نہیں، یہ ایمانداری، خودداری اور پاکستان سے بے پناہ محبت کی نمائندگی کرتا ہے، مجھے فخر ہے کہ اب میں لالہ(شاہد آفریدی)کے 10 نمبر والی شرٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے شاہین آفریدی پہلے ہی ’آفریدی‘ نام والی 10 نمبر کی جرسی پہنا کرتے تھے۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ شاہد آفریدی کی بیٹی سے شاہین آفریدی کا رشتہ طے ہے۔

شاہد آفریدی سے ایک خصوصی انٹرویو میں میزبان نے سوال کیا تھا کہ پچھلے دنوں آپ کی بیٹی اور شاہین شاہ آفریدی کے رشتے کے حوالے سے خبریں سامنے آئی تھیں کیا وہ طے ہوگیا؟ کیا شاہین شاہ آفریدی آپ کے داماد بنیں گے؟

شاہد آفریدی نے پہلے تو الحمداللہ کہا اور پھر دوسرے سوال کے جواب میں انشاءاللہ کہتے ہوئے اس نئے رشتے کی تصدیق کی۔

شاہد آفریدی نے بتایا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی ان کے قبیلے کے نہیں لیکن شاہین شاہ آفریدی کے والدین 2 سال سے اس رشتے کو کرنے پر بضد تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *