
کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن کی کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی واقعے کے عینی شاہد فیکٹری مزدور نے بتایا کہ مجھ سمیت 25 لوگ فیکٹری میں موجود تھے، آگ کیسےلگی معلوم نہیں ۔
فیکٹری کے مزدور اور واقعے کے عینی شاہد نے بتایا کہ میں صبح سویرے فیکٹری میں آیا تھا 4 بھائی بھی میرے ساتھ تھے، تاہم وہ آگ سے جھلس کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔
عینی شاہد مزدور کاکہنا تھا کہ فیکٹری میں کھانا نہیں بنایا جارہا تھا ،نہ شارٹ سرکٹ ہوا مگر فیکٹری میں موجود پرانے سامان میں کسی طرح سے آگ لگی یہ معلوم نہیں ہے۔
مزدور کا مزید کہنا تھا کہ فیکٹری کے پیچھے کی کچھ کھڑکیاں کھلی ہوئی تھیں، آگ کے دوران ہم نے شور مچایا مگر کسی نے نہیں سنا، ہمیں نہیں معلوم کہ آگ پوری فیکٹری میں کیسے پھیلی۔

واضح رہے کہ کورنگی کراچی کی کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آگ سے مرنےوالوں کی تعداد 15ہوگئی ہے جن میں سے 7 لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے۔