وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جہانگیر ترین گروپ سے وفاقی اور پنجاب حکومت کے رابطوں کی تصدیق کردی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ معاملات درستگی کی طرف جارہے ہیں، ترین گروپ کی کچھ شکایات جائز بھی ہوسکتی ہیں اور کچھ بڑھا چڑھا کر بھی بیان کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر علی ظفر کی رپورٹ جو بھی آئے، وزیراعظم کسی کی سفارش نہیں کریں گے ۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کسی کو یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ عمران خان مداخلت کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر ترین کے گروپ کا نامزد وفد آج پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے والے وفد میں جہانگیر ترین گروپ کے پنجاب کے رہنما سعید اکبر نوانی، اجمل چیمہ اور نعمان لنگڑیال شامل ہوں گے۔
ترین گروپ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے لیے 6 نمائندوں کو نامزد کیا ہے، ترین گروپ عثمان بزدار کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔