مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر سے الگ الگ ملاقات کی ، اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خان خاقان عباسی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور کرسچین ٹرنر سے ملاقات میں دوطرفہ امور ، ملک کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف نے موجودہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی جانب سے جاری کارروائیوں سے برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا جبکہ خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔شہبازشریف نے کورونا وبا کے دوران برطانیہ کی جانب سے پاکستان کی امداد کو سراہتے ہوئے کورونا وبا کی وجہ سے برطانیہ میں ہونے والی اموات پر برطانوی ہائی کمشنر سے افسوس کا اظہار کیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ کورونا عالمی وبا نے پوری دنیا کواپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، بنی نوع انسان کو اس مصیبت سے نجات کے لئے مشترکہ تعاون اور کوششیں کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ انسانیت کی بقا کا سوال ہےانہوں نے کہاکہ برطانیہ اور پاکستان کے دوطرفہ روابط کی ایک طویل تاریخ ہے،پاکستانیوں کے لئے برطانیہ دوسرے گھر کی مانند ہے جو دونوں ممالک کے تعلقات کی نہایت منفرد جہت ہے،برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان روابط کی مضبوطی اور فروغ میں نہایت شاندار کردار ادا کررہی ہے، دونوں ممالک کا باہمی تعاون باہمی مفاد میں ہے۔ شہبازشریف نے ڈیوک آف ایڈنبرگ شہزادہ فلپ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور شاہی خاندان کے لئے تعزیت کا پیغام دیا۔آنجہانی شہزادہ فلپ کے لئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ اس موقع پر علاقائی اہمیت کے امور خاص طورپر افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلاءاور قیام کے لئے کوششوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچئین ٹرنر نے شہبازشریف کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے رمضان کی مبارک دی چینی سفیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کاجائزہ لیاگیا۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے اور مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں چین سے تمام شعبوں میں تعلقات کو پروان چڑھایا جس کی واضح مثال سی پیک ہے اور یہ منصوبہ پاکستان کی قسمت بدل دے گا