تیزی سے پھیلتی کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کو 2 دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی انتظامیہ کے مطابق دارالحکومت میں بین الصوبائی ٹرانسپوٹ کو این سی او سی کی ہدایت کے مطابق 2 دن کے لیے بند کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں 72 ہزار 613 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آچکے ہیں، جبکہ یہاں کُل 657 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں
یہ بھی دیکھیں
دوسری جانب کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان بھر میں مریضوں اور اموات میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 908 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 157 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 4 ہزار 198 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 11 اعشاریہ 27 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 999 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 90 ہزار 16 ہو چکی ہے
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 52 ہزار 402 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 14 لاکھ 83 ہزار 643 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 86 ہزار 529 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 682 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 86 ہزار 488 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
یہ بھی دیکھیں
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ 98 اموات پنجاب میں ہوئیں،جبکہ خیبر پختون خوا میں 37، سندھ میں 11، اسلام آبادمیں 5، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں3، 3 کورونا مریض جاں بحق ہوئے