وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے کہا جارہا ہے کہ لاک ڈاؤن لگا دیں ، میں صرف غرباء کی مشکلات کے پیش نظر اس کی اجازت نہیں دے رہا، ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے فوج سڑکوں پر نکلے گی۔فوج پولیس کی مدد کرے گی ۔
کورونا سے متعلق این سی سی اجلاس کے بعد قوم کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ملک میں کورونا کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں ، عوام ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کر رہے، معیشت سمیت ہر شعبے کو نقصان پہنچے گا اور مجبوراً شہروں کے لاک ڈاؤن سمیت سخت اقدامات کرنے پڑیں گے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ سال ایس او پیز پر عملدرآمد سختی سے کیا گیا، پاکستان واحد ملک تھا جہاں مساجد بند نہیں کی گئی تھیں ۔ ہم گزشتہ سال اپنے ہسپتالوں کی استعداد کار نہ بڑھاتے تو حالات بھارت جیسے ہو جانے تھے ، اب بھی احتیاط نہ کی تو دو ہفتوں میں ہمارے حالات بھارت جیسے ہو جائیں گے ۔جب تک قوم مل کر اس وباء سے مقابلہ نہیں کرے گی ہم جیت نہیں سکتے