کورونا میں خوفناک تیزی، 149 جاں بحق، 6 ہزار سے زائد نئے مریض، پنجاب میں ایک دن کے دوران97اموات، درجنوں بچے بھی متاثر

کورونا میں خوفناک تیزی،149جاں بحق، 6ہزار سے زائد نئےمریض، پنجاب میں ایک دن کے دوران 97اموات، درجنوں بچے بھی متاثر،ملک بھر میں مڈل اسکول عید تک بند، 9ویں سے12ویں تک کلاسز سخت ایس او پیز کیساتھ ایک دن چھوڑ کر ایک دن ہونگی،زیادہ کیسزوالی جامعات میں آن لائن کلاسز ہونگی، پنجاب میں میڈیکل تعلیمی ادارے بھی 2مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ، زیادہ تر اسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش نہ ہونے کے برابر، مریضوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 7لاکھ سے بڑھ گئی،24 گھنٹوں کے دوران 8.5فیصد کیسز مثبت، سندھ میں 349مریضوں کی حالت تشویشناک، بلوچستان میں مثبت کیسز کی شرح 9.6ریکارڈ کی گئی۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 71836 ٹیسٹ کیے گئے جو کورونا وبا کے دوران کیے گئے ٹیسٹ کی ریکارڈ تعداد ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 6127 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 149 افراد انتقال کر گئے جو رواں برس کی سب سے زیادہ تعداد ہے،ملک میں کورونا وائرس مثبت آنے کی شرح 8 اعشاریہ 5 فیصد رہی، ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 16243ہو گئی اور مجموعی کیسز 7لاکھ 56285تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 80559 ہے،اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4527 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 59483 ہو گئی ہے،ادھرسرکاری پورٹل کے مطابق پنجاب میں مزید 97افراد دم توڑ گئے ہیں جبکہ3562 نئے مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو رواں لہر کی ابتک کی سب سے زیادہ تعدادہے جس کےبعد صوبے میں مجموعی متاثرین کی تعداد 267,572 ہو گئی،کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر محکمہ صحت نے میڈیکل تعلیمی ادارے مزید دو ہفتے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ،صوبے بھر کے میڈیکل تعلیمی ادارے مزید دو ہفتے یعنی 19 اپریل سے 2 مئی تک بند رہیں گے۔ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے امتحانات مقررہ تاریخ پر ہوں گے۔محکمہ صحت کی جانب سے مراسلے میں بتایا گیا کہ میڈیکل یونیورسٹی، کالج ، نرسنگ کالج الائیڈ ہیلتھ سکول میں کوئی کلاس منعقد نہیں ہو گی البتہ کلینیکل ڈیوٹیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ تعلیمی اداروں میں کسی قسم کی ثقافتی تقریبات، کھیل کی یا دیگر سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہو گی۔ یہاں صوبہ سندھ میں وائرس سے متاثرہ 349مریضوں کی حالت تشویشناک ہے،صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 532 کیسز رپورٹ ہوئے اور 2 اموات دیکھی گئیں۔ خیبرپختونخوا میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 2899 ہوگئی،خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کی صورتحال، محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں میں صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 32 افراد انتقال کرگئے،خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 1062 افراد متاثر ہوئے، صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 6 ہزار 5 سو ہوگئی، خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 634 مریض صحت یاب ہوئے، صوبے میں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 89 ہزار 987 ہوگئی ہے، خیبرپختونخوا میں فعال کیسز کی تعداد 13 ہزار 624 ہے۔ بلوچستان میں کورونا کے پھیلاو کی شرح9.67 فیصد تک پہنچ گئی ، اتوار کو محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 کیسز پورٹ ہوئے ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 47 بچوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے،قبل ازیں بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں پہلی سے آٹھویں تک اسکول عید تک بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیا، کورونا سے متاثرہ اضلاع میں 9 ویں سے انٹر (12 ویں جماعت) تک تعلیمی ادارے کل سے کھول دیئے جائیں گے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں تعلیمی اداروں میں کلاسز کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ این سی او سی حکام نے شرکا کو بتایا کہ کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، ابھی تعلیمی ادارے نہ کھولیں تو بہتر ہو گا تاہم تمام صوبائی وزرائے تعلیم نے بورڈز کلاسز شروع کرنے کی سفارش کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کی زیادہ شرح والی یونیورسٹیز میں آن لائن کا سلسلہ جاری رہے گا، پہلی سے آٹھویں تک اسکولز عید تک بند رکھے جائیں گے جبکہ 9 ویں سے 12 ویں تک تعلیمی ادارے آج سے سخت کورونا ایس او پیز کیساتھ کھول دیئے جائیں گے، بورڈ کے امتحانات نئی تاریخوں کےتحت ہوں گے،وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں نویں سے بارہویں تک کی کلاسز ایک دن چھوڑ کر لی جائیں گی تاکہ طلبہ بورڈ کے امتحانات کی تیاری کر سکیں، نویں سے بارہویں جماعت تک امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے نہیں ہوں گے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ او، اے لیول امتحانات شیڈول کے مطابق لیے جائیں گے، ان امتحانات میں کسی قسم کی تاخیر یا کینسل نہیں ہوں گے،جو بچے اکتوبر، نومبر میں امتحانات دینے کے خواہشمند ہوں تو وہ اسی فیس کے ساتھ حصہ لے سکیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *