جی ڈی پی گروتھ 7 فیصد تک لانا ہی مسائل کا حل ہے، شوکت ترین

وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ جی ڈی پی گروتھ کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لانے میں ہی معاشی مسائل کا حل ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ملاقات کی، جس میں ملکی معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اس ملاقات میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور حکومتی جماعت کے سوشل میڈیا اراکین بھی موجود تھے۔

ملاقات میں شریک افراد نے شوکت ترین سے معاشی پلان سے متعلق سوالات کیے، شوکت ترین کے نجی ٹی وی چینل پر حکومت کی معاشی صورتحال پر کیے گئے تبصرے پر بھی سوال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق شوکت ترین نے کہا کہ ٹی وی انٹرویو میں کہی گئی باتیں صرف موجودہ حکومت سے متعلق نہیں۔ کم دورانیے کے پروگرام میں معاشی صورت حال کی مکمل تفصیل نہیں بتائی جاسکی، معاشی صورتحال پر گفتگو میں ماضی کی حکومتوں کی جانب اشارہ تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے شوکت ترین کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ شوکت ترین کو 35 سالوں سے جانتا ہوں، یہ شوکت خانم اسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا بھی حصہ رہے ہیں۔

وزیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ انچاس سالہ معاشی تجربہ کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں کہ معاشی مسائل کا صرف 1 ہی حل ہے۔ جی ڈی پی گروتھ کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لانا ہوگا۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک نے بہترین اصلاحاتی کام کیا۔

ساتھ میں انھوں نے گورنر اسٹیٹ بینک کی تبدیلی کا امکان بھی مسترد کردیا اور کہا کہ رضا باقر کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *